جمعہ 02 جون 2023 - 6:33:21 صبح

فرانسیسی کمپنی ای این جی آئی ای کی متحدہ عرب امارات میں توانائی، پانی، گرین ہائیڈروجن منصوبوں میں 44 ارب درہم کی سرمایہ کاری


ابوظہبی، 24 مئی، 2023 (وام) ۔۔ ای این جی آئی ای میں فیلکسیبل جنریشن اینڈ ریٹل افریقہ،مڈل ایسٹ ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر فریڈرک کلاکس کہا ہے کہ کمپنی کی متحدہ عرب امارات میں توانائی، پانی صاف کرنے اور گرین ہائیڈروجن منصوبوں میں مجموعی سرمایہ کاری کی مالیت 12ارب ڈالر(44ارب درہم ) ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاری میں مزید اضافے کے لیے کمپنی کی خواہشات کا بھی اظہار کیا، خاص طور پر اس لیے بھی کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں اس کی اہم اسٹریٹجک مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔

امارات نیوز ایجنسی (وام) کو دیے گئے ایک بیان میں، فریڈرک کلاکس نے کہا کہ ای این جی آئی ای کی متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کئی اسٹریٹجک اور اہم منصوبوں میں کی گئی ہے، جن میں العجبان سولر پی وی کی ترقی، پانی صاف کرنے کے منصوبے، بیٹری اسٹوریج اور گرین ہائیڈروجن کی پیداوار کے ساتھ ساتھ المرفا 2 ریورس اوسموسس انڈیپنڈنٹ واٹر پروجیکٹ کی ترقی اور آپریشن، اور ملک میں چھ پاور اور واٹر پلانٹس کے آپریشنزشامل ہیں۔

انہوں نے ای این جی آئی ای کے لیے اماراتی مارکیٹ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کمپنی کئی سالوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں کامیابی سے کام کررہی ہے وہ بنیادی طور پر پانی کو صاف کرنے، بیٹری اسٹوریج اور گرین ہائیڈروجن پروجیکٹس کے لیے قابل تجدید توانائی کے سلیوشنز فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، اس اسٹریٹجک مارکیٹ میں مزید ترقی حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

کلاکس نے وضاحت کی کہ یو اے ای میں ای این جی آئی ای کی حکمت عملی اس وقت ڈسٹرکٹ کولنگ پروجیکٹس، فوٹو وولٹک انرجی، واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹس اور بیٹری اسٹوریج پروجیکٹس پر مرکوز ہے، اور کمپنی کا مقصد ان شعبوں میں ترقی اور پیش رفت کو جاری رکھنا ہے، جن میں ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمپنی کا مقصد امارات واٹر اینڈ الیکٹرسٹی کمپنی (ای ڈبلیو ای سی) کے تحت شمسی توانائی کے مختلف منصوبوں میں حصہ لے کر قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے ذریعے مزید ترقی حاصل کرنا ہے۔ مثال کے طور پر، وہ تقریباً ا ارب ڈالر مالیت کے العجبان سولر پی وی کی ترقی میں شامل ہے، جو 1.5 گیگا واٹ (جی ڈبلیو) توانائی پیدا کررہا ہے۔

کلاکس نے بتایا کہ ای این جی آئی ای پانی کو صاف کرنے، بیٹری اسٹوریج اور گرین ہائیڈروجن پروجیکٹس پر بھی کام کر رہا ہے اور حال ہی میں المرفا 2 پروجیکٹ کو تیار کرنے اور چلانے کے لیے ایک ٹینڈر حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، جس کی مالیت 80کروڑ ڈالر ہے اور اس کی یومیہ پانی کی پیداواری صلاحیت 2کروڑ گیلن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی آنے والے ہفتوں میں اس منصوبے کی مالیاتی امور کو حتمی شکل دینے اور اس کی تعمیر شروع کرنے کی بھی توقع رکھتی ہے، جس کے آپریشنز 2026 میں شروع ہونے والے ہیں۔

کلاکس کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ کولنگ کے منصوبوں میں ای این جی آئی ای کی شمولیت سے کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے، اور یہ نیشنل سینٹرل کولنگ کمپنی (ٹیبریڈ) میں تقریباً 40 فیصد حصص کی مالک ہے۔

فی الحال، ای این جی آئی ای متحدہ عرب امارات میں چھ پاور اور واٹر پلانٹس چلا رہا ہے جس کی مجموعی صلاحیت 1 سے 1.5 گیگا واٹ تک ہیں،۔ انہوں نےکہا کہ المرفا 2 پروجیکٹ کے شامل ہونے سے، متحدہ عرب امارات میں اس شعبے میں کمپنی کی کل سرمایہ کاری تقریباً 7 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔


ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303161720

Maryam/ Farrukh Tanveer Malik