جمعہ 02 جون 2023 - 5:17:07 صبح

انوسٹوپیااورکنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری میں شراکت داری کا معاہدہ


نئی دلی، 25مئی ،2023 (وام) ۔۔ سرمایہ کاری کے عالمی پلیٹ فارم انوسٹوپیا نے معروف مقامی اور عالمی اداروں اور اداروں کے ساتھ نئی شراکت داری قائم کرنے کی کوششوں کے تحت کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

تازہ ترین شراکت داری نئے اقتصادی شعبوں میں ہندوستان ۔متحدہ عرب امارات کے بازاروں میں سرمایہ کاری کے امید افزا مواقع کو فروغ دینے کے علاوہ کاروباری وفود کے درمیان مہارت اور علم کے تبادلے اور مکالمے میں سہولت فراہم کرے گی۔ مزید برآں معاہدے کی شرائط کے تحت دونوں فریق نجی شعبے کی سطح پر رابطے کو بڑھانے کے لیے مشترکہ تقریبات اور کانفرنسوں کا اہتمام کریں گے جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

مفاہمت کی یاداشت پر آج نئی دہلی میں متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات میں سپورٹ سروسز سیکٹر کے اسسٹنٹ انڈر سکریٹری بدریا المیدور اور سی آئی آئی کے صدر سنجیو بجاج نے وزیر اقتصادیات اور انوسٹوپیا کے چیئرمین عبداللہ بن طوق المری کی موجودگی میں دستخط کئے۔

بدریہ المیدور نے کہاکہ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط انوسٹوپیا کے وژن اور ہندوستانی مارکیٹ میں اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ایک سب سے اہم عالمی اسٹریٹجک مارکیٹ کے طور پر جو امید افزا سرمایہ کاری اور تجارتی امکانات سے بھر پور ہے۔ یہ ہندوستان میں پلیٹ فارم کے ذریعہ شروع کیے گئے عالمی مکالمے پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی آئی آئی کے ساتھ مل کر ہم نئے اقتصادی شعبوں خاص طور پر سرکلر اکانومی، خاندانی کاروبار، قابل تجدید توانائی، سیاحت، ٹیکنالوجی اور اختراعات میں ہندوستانی اور متحدہ عرب امارات دونوں بازاروں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے تجربات اور علم اور کاروباری وفود کے اشتراک کے منتظر ہیں ۔ شراکت داری کے ذریعےسی آئی آئی انوسٹوپیا کی سالانہ کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کرے گا جو 28 اور 29 فروری 2024 کو متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔ عالمی سرمایہ کاری پلیٹ فارم انوسٹوپیا کو اماراتی حکومت نے ستمبر 2021 میں شروع کیا تھا۔

ایونٹ کا 2023 ایڈیشن گزشتہ مارچ میں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوا اور اس میں 2,500 سے زائد فیصلہ سازوں، سرمایہ کاروں، ماہرین، ماہرین تعلیم اور دنیا بھر سے میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ 1,000 سے زائد بیرون ملک مقیم شرکاء نے "تبدیلی کے وقت میں مواقع کا تصور" کے موضوع کے تحت عالمی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے کانفرنس میں شرکت کی۔

دوسرے ایڈیشن میں 35 انٹرایکٹو سیشن، 300 سے زیادہ ملاقاتیں اور ایک گول میز کی میزبانی بھی کی گئی جس میں 100 سے زیادہ مقررین شامل تھے اور 14 شراکتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

ترجمہ: ریاض خان ۔

https://wam.ae/en/details/1395303162162

Maryam