Mon 29-05-2023 20:56 PM
آستانہ، 29 مئی، 2023 (وام) ۔۔ دنیا کے چار ممالک کے چھ شہروں میں ابوظہبی جیو جِتسو پرو (اے جے پی )ٹور کے ٹورنامنٹس کی ایک کامیاب سیریز کا انعقاد کیا گیا۔
ان میں جمہوریہ چیک میں پراگ، برازیل میں ماساپا اور ماسیو اور قازقستان میں آستانہ کے شہر تھے۔
اے جے پی نے ترکی اور فلپائن میں قومی ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کیا، جس کے دوران جی اور نو جی دونوں کیٹیگریز میں بہت سے کھلاڑیوں کے ساتھ قومی چیمپئن شپ کے مقابلوں کی میزبانی کی گئی۔ تقریبات کو انتہائی پذیرائی حاصل ہوئی۔
پراگ میں بچوں کے لیے ایک جیو-جِتسو فیسٹیول بھی منعقد کیا گیا، جب کہ ماساپا اور ماسیو میں ہونے والی چیمپین شپ میں تمام اندازوں کے برعکس ریکارڈ توڑ حاضری دیکھنے میں آئی۔
ٹورنامنٹ میں مختلف سطحوں کے شرکاء نے شرکت کی،جن میں بہت سے بلیک بیلٹ اور مختلف بیلٹ کلرز کے امیچرز شامل تھے۔ برازیل جیو جِتسو کے حوالے سے دنیا کا سرفہرست ملک ہے، جہاں دونوں جینڈرز کے تقریباً 30 لاکھ کھلاڑی ہیں۔ اس کے پاس 28ہزارکے قریب بلیک بیلٹ رکھنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔ مزید برآں، برازیل میں جیو جِتسو کے شائقین کے لیے 35ہزارسے زیادہ اکیڈمیاں ہیں، خاص طور پر ساؤ پالو اور ریو ڈی جنیرو میں۔
اپنی سابقہ کامیابیوں کی بنیاد پر اور دنیا کے ہر شہر میں ٹورنامنٹس کی میزبانی کے باعث اے جے پی ٹور کے زیراہتمام اس سال 280 سے زیادہ چیمپئن شپس منعقد کی جائیں گی، کیونکہ ابوظہبی اس کھیل کو فروغ دینے کے حوالے سے دنیا کا صف اول کا ملک ہے۔
اے جے پی کے جنرل منیجر طارق البحری نے کہا کہ اے جے پی نے گزشتہ دو سالوں میں مختلف براعظموں میں مزید چیمپئن شپ کے انعقاد کے ساتھ کافی ترقی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد اگلے دو سالوں میں دنیا بھر میں 500 ٹورنامنٹس کا انعقاد اور ہر سال دس لاکھ کھلاڑیوں کو مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303163290