Thu 01-06-2023 18:41 PM
ابوظہبی، یکم جون، 2023 (وام) ۔۔ وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی (ایم او آئی اے ٹی) نے ابوظہبی میں "میک اٹ ان دی امارات" فورم میں ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) جان کاکرل ہائیڈروجن اور اسٹراٹا مینوفیکچرنگ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا ہے ،جس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں مقامی استعمال اور برآمد کے لیے الیکٹرولائزرز تیار کرنا ہے۔
الیکٹرولائزر ماحول دوست ہائیڈروجن پیدا کرتے ہیں، یہ ایک توانائی کا قابل تجدید ذرائع سے بنا ذیعہ ہے جو استعمال کے مقام پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نہیں کرتا۔
معاہدے کے تحت الیکٹرولائزرز کی اندرون ملک تیاری کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی سبز ہائیڈروجن معیشت کی ترقی میں اضافہ ہوگا جس سے مقامی صنعت کو فروغ دینے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے "میک اٹ ان دی امارات" اقدام کو مدد ملے گی۔
معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں وزیر صنعت و اعلیٰ ٹیکنالوجی اور ادنوک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر،وزیر مملکت برائے عوامی تعلیم و جدید ٹیکنالوجی سارہ الامیری،ابوظہبی ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ (اے ڈی ڈی ای ڈی) کے چیئرمین احمد جاسم الزعابی،متحدہ عرب امارات میں بیلجیئم کے سفیر انٹونی ڈیل کورٹ اورجان کاکرل گروپ کے بورڈ کے ایگزیکٹو ممبر ژان لوک مورنج نے شرکت کی۔
معاہدے پرادنوک میں نیو انرجی اور کاربن کیپچر، یوٹیلائزیشن اینڈ اسٹوریج کےسینئر نائب صدرحنان بلالاء، اسٹراٹا مینوفیکچرنگ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای اواسماعیل علی عبداللہ اورجان کاکرل ہائیڈروجن کے سی ای اورافیل ٹیلٹ نے دستخط کیے۔
وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی کے انڈر سیکرٹری عمر السویدی نے کہا کہ مستقبل کی صنعتوں کی ترقی کو تیز کرنا قومی حکمت عملی برائے صنعت و جدید ٹیکنالوجی کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے۔ اس لیے، وزارت قومی صنعتی شعبے کو جدید حل اور جدید ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
"سرکردہ قومی کمپنیوں اور بین الاقوامی اور مقامی مینوفیکچررز کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ان کوششوں کی کلید ہے،جو متحدہ عرب امارات کے خالص صفر اور کوپ28 کے اہداف کے مطابق ڈیکاربونائزیشن میں صنعتی شعبے کے تعاون کو تقویت دیتا ہے۔ مستقبل کی صنعتوں کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری صلاحیتیں فراہم کرتا ہے۔ یہ معاہدہ خاص طور پر ہائیڈروجن کے شعبے کے لیے فائدہ مند ہو گا، جو مستقبل کی سب سے اہم صنعتوں میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے ۔"
اس موقع پربلالاء نے کہا کہ ہم اس تاریخی اقدام میں جان کاکرل ہائیڈروجن اور اسٹراٹا مینوفیکچرنگ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے بہت خوش ہیں جس سے پہلی بارمتحدہ عرب امارات میں الیکٹرولائزرز تیار ہوسکیں گے۔ ہائیڈروجن توانائی کی منتقلی میں ایک اہم ایندھن ہے اور یہ معاہدہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کس طرح توانائی کا شعبہ صنعتی اور مشکل سے کم کرنے والے شعبوں کے ساتھ مل کر کام کر سکتا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر ڈی کاربنائز کیا جا سکے، کم کاربن اقتصادی ترقی اور انرجی سیکیورٹی کو بڑھایا جا سکے۔
اسماعیل علی عبداللہ کا کہنا تھا کہ اس اہم اقدام میں ادنوک اور جان کاکرل ہائیڈروجن کے ساتھ مل کر کام کرنے میں کے لیے پرجوش ہیں۔ جدید مینوفیکچرنگ میں اسٹراٹا کی مہارت متحدہ عرب امارات کو ایک عالمی ہائیڈروجن لیڈر کے طور پر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ تعاون متحدہ عرب امارات میں جدت طرازی اور معاشی نمو کو آگے بڑھانے کے ہمارے اسٹریٹجک وژن سے ہم آہنگ ہے۔
اس موقع پر ٹیلٹ نے کہا کہ بڑے پیمانے پر گرین ہائیڈروجن کی پیداوار اور تقسیم کے ایک رہنما کے طور پر، ہمیں متحدہ عرب امارات میں الیکٹرولائزر مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ادنوک اور اسٹراٹا کے ساتھ تعاون کرنے پر خوشی ہے۔ یہ شراکت داری عالمی ہائیڈروجن مارکیٹ میں متحدہ عرب امارات کی پوزیشن کو مضبوط کرے گی اور ملک کو ڈیکاربنائزیشن مقاصد کو حاصل کرنے کے قابل بنائے گی۔
ادنوک کلین ہائیڈروجن کی پیداوار میں ایک ابتدائی محرک ہے اور یو اے ای کی عالمی ہائیڈروجن مارکیٹوں کو کلیدی سپلائر بننے کے عزائم کا ایک کلیدی این ایبلر ہے۔
کمپنی ابوظہبی فیوچر انرجی کمپنی (مصدر) میں بھی شیئر ہولڈر ہے جس کے پاس تقریباً 20 گیگا واٹ صاف توانائی کی گنجائش ہے اور اس کا ہدف 2030 تک کم از کم 100گیگا واٹ قابل تجدید توانائی اور 10 لاکھ ٹن تک گرین ہائیڈروجن ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://www.wam.ae/en/details/1395303164487