Sun 17-09-2023 07:30 AM
شارجہ، 17 ستمبر، 2023 (وام) ۔۔ فیڈریشن آف یو اے ای چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے سیکرٹری جنرل حمید بن سالم نے متحدہ عرب امارات اور جی سی سی ممالک کے کاروباری مالکان اور سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پہلے خلیج عراق بزنس فورم کے سرمایہ کاری امکانات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔ شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے زیر اہتمام یہ ایونٹ 26 سے 27 ستمبر 2023 تک منعقد ہوگا۔
بن سالم نے کہا کہ یہ فورم مختلف اقتصادی شعبوں میں پھیلے ہوئے متعدد عراقی سرمایہ کاری اقدامات پر بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ اس فورم میں خلیج اور عراق کی بڑے سرکاری اداروں، کارپوریشنز اور سرمایہ کاری فنڈز کی نمائندہ 350 سے زیادہ نمایاں شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
اس فورم میں زرعی سرمایہ کاری، فوڈ سیفٹی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، تعلیم، طبی سامان، شعبہ صحت ، توانائی، قابل تجدید توانائی، برقی انٹرکنکشن، انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ، فنانس، اور بینکنگ سمیت مختلف شعبوں کے سرمایہ کاری مواقع کو پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اعلیٰ منصوبے عراق میں روزگار کے خاطر خواہ امکانات پیدا کریں گے۔ بن سالم نے اس بات پر زور دیا کہ فورم، ایف سی سی آئی، فیڈریشن آف جی سی سی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف جی سی سی چیمبرز) اور فیڈریشن آف عراقی چیمبرز آف کامرس کے تعاون سے جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ کے تعاون سے منعقد جائے گا، جس کا مقصد خلیجی ممالک اور عراق کے نجی شعبے میں تعاون اور دونوں خطوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
فورم میں سرمایہ کاری مواقع کی نمائش اور سرمایہ کاری قواعد و ضوابط اور کاروباری افراد کے لیے دستیاب مراعات پر بات کی جائے گی ۔توقع ہے کہ خلیج عراق بزنس فورم شریک ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارتی تبادلے کے لیے نئی راہیں اور منڈیاں کھولے گا۔
یہ معلومات کے تبادلے اور تجارت اور باہمی تعاون کے منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم پیش کرے گا۔ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عراق اور کئی عرب خلیجی ممالک کے درمیان بات چیت کو آسان بنانے کے لیے دو طرفہ ملاقاتیں بھی منعقد کی جائیں گی۔
بن سالم نے اس بات پر زور دیا کہ فورم کو 'معا' انیشیٹو کی مکمل حمایت حاصل ہے، جو کہ حال ہی میں ایف سی سی آئی اور انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے شارجہ میں شروع کیا گیا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303197842