Sun 17-09-2023 08:02 AM
نیویارک، 17 ستمبر، 2023 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے78) کے 18 سے 26 ستمبر تک ہونے والے 78ویں اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت کریں گے۔
شیخ عبداللہ اس سال کے اجلاس میں 23 ستمبر کو اپنے خطاب میں بین الاقوامی امن، سلامتی اور تعاون کے لیے متحدہ عرب امارات کی پالیسی ترجیحات اور وژن پیش کریں گے، اجلاس میں 150 سے زائد سربراہان مملکت و حکومت کی شرکت متوقع ہے۔
شیخ عبداللہ کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کا وفد رکن ممالک، اقوام متحدہ کے حکام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہنگامی عالمی چیلنجز پر بات چیت کرے گا، جس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی ضرورت، انتہا پسندی کی روک تھام، دہشت گرد گروپوں کے خطرات سے نمٹنے اور خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانا شامل ہیں۔
یو اے ای کا وفد جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے دوران کئی اعلیٰ سطحی میٹنگوں میں شرکت کرے گا،جن کا تعلق موسمیاتی کوششوں کو بڑھانے، ترقی کے لیے مالی اعانت، وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری و ردعمل، صحت کی عالمی سہولیات کی فراہمی، تپ دق کے خلاف جنگ، اور جوہری ہتھیاروں کی ممانعت کے معاہدے سے ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششوں اور تعاون کے ایک دیرینہ چیمپئن کے طور پر، یو اے ای 20 ستمبر کو ہونے والی "کلائمیٹ ایمبیشن سمٹ" میں بھی شرکت کرے گا۔ اقوام متحدہ کی طرف سے بلائے گئے اس سربراہی اجلاس کا مقصد ماحولیاتی لحاظ سے لچکدار عالمی معیشت کی جانب منتقلی کو تیز کرنا ہے۔ یہ اجلاس اس سال کے آخر میں دبئی میں کوپ28 سے پہلے ایک اہم سنگ میل ہے۔
کوپ28 کی ٹیم، کوپ28 کے نامزد صدر ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، کی قیادت میں نومبر میں اس کانفرنس کی کامیابی کے لیے کئی اہم تقریبات اور دو طرفہ ملاقاتوں میں شرکت کریے گی۔ کوپ پریزیڈنسی دو وزارتی گول میز کانفرنسز،گلوبل اسٹاک ٹیک اورلاس اینڈ ڈیمجزکی صدارت کرے گی۔ یہ ٹیم متعدد اہم ایونٹس کی میزبانی بھی کرے گی جو کوپ28 ایکشن ایجنڈے کو تیز کریں گے۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے سب کے لیے ایک بہتر دنیا بنانے کے متحدہ عرب امارات کے وژن کے لیے کثیر الجہتی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں ہماری شرکت متحدہ عرب امارات کی سفارتی ترجیحات کو پورا کرے گی، جو صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے طے کی ہیں۔ یہاں اقوام متحدہ میں، اور خاص طور پر سلامتی کونسل میں ہماری مدت کے دوران، بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کے لیے ہمارے رابطے قائم کرنے کے نقطہ نظر اور عزم نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں افغانستان ،لبنان، فلسطین اور یمن کے بارے میں کونسل کے فیصلوں کے علاوہ 'رواداری اور بین الاقوامی امن و سلامتی' کے بارے میں تاریخی قرارداد 2686 بھی شامل ہے۔
شیخ عبداللہ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کو اس پیشرفت پر بھی فخر ہے جو ہم نے خواتین، امن اور سلامتی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی اور امن و سلامتی کے درمیان تعلق کو حل کرنے میں مدد کی ہے۔ جیسا کہ دنیا جنرل اسمبلی میں ان اہم چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جمع ہو رہی ہے جن کا ہمیں سامنا ہے، جن میں انتہا پسندی، دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی، عالمی صحت عامہ، خوراک، توانائی اورپانی کی کمی شامل ہے اور ہم ان مسائل کے حوالے سے اپنی مہارت، تجربے اور نقطہ نظر کا اشتراک کرنے کے خواہاں ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس بین الاقوامی برادری کے لیے ایک اہم وقت میں ہورہاہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ لانا زکی نسیبیہ نے کہا کہ اس کا تھیم 'اعتماد کی تعمیر نو اور عالمی یکجہتی کی بحالی' دنیا کے اہم ترین مسائل کو حل کرنے کے لیے کثیر الجہتی نظام کی صلاحیت کو بڑھانے کی فوری ضرورت کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیرخارجہ کے علاوہ،یو این جی اے 78 کے لیے متحدہ عرب امارات کے وفد میں صدرکے سفارتی مشیرڈاکٹرانورقرقاش،وزیر صحت عبد الرحمن بن محمد بن ناصرالعويس،وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی، صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کے وزیر،؛، موسمیاتی تبدیلی کے لیے خصوصی ایلچی اور کوپ28 کے نامزد صدرڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر، کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی وزیر اور کوپ28 کے لیے یوتھ کلائمیٹ چیمپئن شما المزروعی، موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کی وزیرمریم بنت محمد المہیری،وزیر مملکت شیخ شخبوط بن نہیان النہیان، وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی و ریموٹ ورک ایپلی کیشنزعمر بن سلطان العلما،وزیرمملکت احمد علی الصایغ، وزیر مملکت شاہین المرر،بین الاقوامی یونین برائے تحفظ فطرت کے صدر اور کوپ28 پزیزیڈنسی کےلیے اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کی اعلیٰ چیمپئن رزان المبارک،جنرل ویمن یونین کی سیکرٹری جنرل نورہ السویدی،اورسپریم کونسل برائے زچہ بچہ کی سیکرٹری جنرل الریم عبداللہ الفلاسی شامل ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303197780