Sun 17-09-2023 08:33 AM
شنگھائی،17ستمبر، 2023 (وام) ۔۔ فیڈرل نیشنل کونسل کے سپیکر صقرغوباش نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی شنگھائی میونسپل کانگریس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈپٹی پارٹی سیکرٹری، سٹینڈنگ کمیٹی، میونسپل فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے صدر چینگ گانگمیاؤ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات صقرغوباش کے عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے کے ایک حصے کے طور پر ہوئی جس کے دوران وہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کی دعوت کے جواب میں ایف این سی کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں معلومات کے تبادلے اور علم کی منتقلی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جو کہ دونوں ممالک کی قیادت کی تمام تر تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے۔ فیڈرل نیشنل کونسل کے سپیکر صقرغوباش نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی گہرائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 2024 دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ ہے جو 1984 میں قائم ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک 17 نومبر 2012 کو طے پانے والے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت تمام شعبوں خصوصاً سیاسی، پارلیمانی، اقتصادی، ثقافتی، تعلیمی، سرمایہ کاری اور اہم شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ دونوں فریقوں نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے اور دنیا کی تازہ ترین پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ چینی رکن پارلیمنٹ نے صقرغوباش اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے امارات وفد کے دورے کی اہمیت اور عوامی جمہوریہ چین میں سینئر حکام کے ساتھ ان کی ملاقاتوں کو سراہا۔ انہوں نے شنگھائی اور دبئی کے درمیان شراکت داری کو نوٹ کرتے ہوئے دونوں ممالک اور ان کے لوگوں کے درمیان دیرینہ دوستی پر زور دیا۔ انہوں نے دبئی ایکسپو اور شنگھائی ایکسپو کو اس تعلق کے اہم سنگ میل کے طور پر سراہا اور چین کے سب سے بڑے شہر شنگھائی کی ترقی پر روشنی ڈالی۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://www.wam.ae/en/details/1395303197840