Mon 18-09-2023 07:55 AM
بن غازی، 18 ستمبر، 2023 (وام) ۔۔ امارات ہلال احمر(ای آر سی) نے لیبیا میں آنے والے طوفان اور سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں اور پروگراموں مٰں اضافہ کردیا ہے۔
ای آر سی نے مشرقی لیبیا کے کئی علاقوں میں ہزاروں زندہ بچ جانے والے افراد اور بے گھر لوگوں کو خوراک، پناہ گاہ، طبی پارسل، ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سامان سمیت اضافی امداد فراہم کی۔
ملک میں ای آر سی کا وفد آفت کے اثرات کو کم کرنے اور متاثرہ افراد کو اضافی امداد پہنچا کر اور ان کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
وفد نے لیبیائی ہلال احمر (ایل آر سی) اور متعلقہ حکام کے ساتھ زمینی سطح پر اپنے امدادی آپریشن کو مربوط کرنے اور مقامی انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے وسیع نقصان کی وجہ سے لاجسٹک چیلنجز سے دوچار علاقوں تک پہنچنے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے کئی ملاقاتیں کیں۔
دریں اثنا، ای آر سی ابوظہبی سے امدادی کھیپوں کو متحدہ عرب امارات کے ہوائی پل کے ذریعے لیبیا روانہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، اور ابوظہبی اور دبئی میں اس کے گوداموں میں خوراک، صحت، ریلیف، اور شیلٹر پارسلز کو جمع کرنے اور تیار کرنے کے لیے مسلسل سرگرمیاں جاری ہیں۔
ای آر سی نے زور دیا کہ اس کی امدادی کارروائیاں اور انسانی ہمدردی کے پروگرام اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ طوفان کے بحران کے اثرات کم نہیں ہو جاتے، اور وہ متاثرہ افراد کے لیے اپنی ذمہ داری اور اس کے بین الاقوامی انسانی اصولوں کے ساتھ وابستگی کے تحت کسی بھی متعلقہ کوششوں کو ترک نہیں کرے گا۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303198724