بدھ 27 ستمبر 2023 - 4:53:49 صبح

ابوظہبی فورم فار پیس کا دسواں ایڈیشن 14 سے 16 نومبر تک منعقد ہوگا


ابوظہبی، 18 ستمبر، 2023 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی زیرسرپرستی اور متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل کے چیئرمین اور ابوظہبی فورم فار پیس کے سربراہ شیخ عبداللہ بن بيه کی قیادت میں "پائیدار امن کے لیے: چیلنجز اور مواقع" کے عنوان سے فورم کادسواں ایڈیشن ابوظہبی میں 14 سے 16 نومبر تک منعقد ہوگا۔
اس تقریب میں متحدہ عرب امارات، عرب خطے اور باقی دنیا سے سرکاری اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں سمیت اشرافیہ کے ارکان شریک ہوں گے۔
اس سال کے تھیم کا انتخاب متحدہ عرب امارات کے 2023 کو "پائیداری کا سال" قرار دینے کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے،جو پائیدار ترقی کے لیے اس کے عزم کو مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں امن کے مرکزی کردار کی اہمیت کے لیے فورم کو ایک فکری پلیٹ فارم کے طور پر پیش کرتا ہے۔
اس سال فورم کے ایجنڈے میں "پائیدار امن: تصورات اور کامیابیاں"، "پائیدار امن کا تصور اور متحدہ عرب امارات کا تجربہ،" "عصری عالمی بحران اور پائیدار امن،" "پائیدار امن اور پائیدار ترقی"مذہبی اور ثقافتی ڈپلومیسی اور روک تھام اقدامات سمیت کئی اہم مباحث شامل ہیں۔
فورم کی دسویں سالگرہ کی تقریب اس حقیقت کو اجاگر کرے گی کہ اس نے اپنے بہت سے مقاصد حاصل کر لیے ہیں اور صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت اور شیخ عبداللہ کی مسلسل سرپرستی میں متحدہ عرب امارات کی دور اندیش قیادت کے تعاون سے بہت سے اہم مقامی اور بین الاقوامی اقدامات شروع کیے ہیں۔
اس فورم کا مقصد اپنے کام کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کرنا، اپنی کامیابیوں کو مضبوط کرنا اور اپنی شراکت داری کو وسعت دینے اور جغرافیائی اور فعال اتحاد کو متنوع بنا کر نئے اقدامات شروع کرنا ہے جو امن کو فروغ دینے، تنازعات کو ختم کرنے، ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کو پھیلانے اورعالمی معاشرے کے متنوع طبقات میں امن کی کوششوں کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ مقصد اداروں کی تعمیر اور نصاب، فنکارانہ اور تکنیکی ذرائع ابلاغ اور دیگر ذرائع سے تعلیمی مواد فراہم کرنے کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔
مزید برآں، دنیا بھر کے مختلف خطوں میں امن اور بقائے باہمی سے متعلق اقدامات میں مصروف تنظیموں کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایک خصوصی نمائش فورم کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔
ترجمہ۔تنویرملک
https://wam.ae/en/details/1395303198609

Farrukh Tanveer Malik